شہزاد اکبر نیب حملہ کیس کے ماسٹر مائنڈ ہیں، کیپٹن(ر) صفدر

123

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر نے کہا ہے کہ نیب حملہ کیس بنانے میں شہزاد اکبر مرزا ماسٹر مائنڈ ہیں،مجھے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے پولیس کے ذریعے دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد کیا گیا، میری جان کو خطرہ ہے، عدالتی حکم کے باوجود پولیس سیکورٹی فراہم نہیں کر رہی، پولیس پر اس حوالے سے حکومتی دبائو ہے، لیکن ن لیگ وزیراعظم عمران خان کیخلاف ایف آئی آر درج کروا کر رہے گی،عدالت عظمیٰ سے درخواست کرتا ہوں میری درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے، سانحہ موڑ وے شہباز شریف کے دور میں ہوتا تو بھیڑیے 24 گھنٹے میں قانون کی گرفت میں ہوتے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ 11 اگست کو نیب آفس کے باہر سفید کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی، رہنمائوں اور کارکنوں پر پتھرائو اور تشدد کیا، پولیس نے دانستہ طور پر ہماری گاڑی کو الگ کیا اور بلٹ پروف ہونے کے باوجود اسے نقصان پہنچایا گیا۔ سی سی پی او لاہور ہوائی گھوڑے پر سوار ہیں لیکن ن لیگ وزیراعظم عمران خان کیخلاف ایف آئی آر درج کروا کر رہے گی۔ علاوہ ازیں کیپٹن(ر) صفدر نے تھانہ چوہنگ پولیس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف ان کا بیان ریکارڈ نہ کرنے کیخلاف ایک درخواست ایڈیشنل سیشن جج کی مقامی عدالت میں دائر کر دی ہے جس میں عدالت نے تھانہ چوہنگ سے رپورٹ طلب کر لی ہے، کیپٹن(ر) صفدر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ تھانہ چوہنگ پولیس کو حکم دے کہ ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔ علاوہ ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نیب لاہور آفس کے باہر ہنگامہ آرائی اور تھوڑ پھوڑ کے مقدمے میں نامزد کیپٹن(ر) صفدر کی عبوری ضمانت میں 16ستمبر تک توسیع کردی ہے۔