جس ملک میں خواتین اور بچے محفوظ نہ ہوں اسکا اللہ ہی حافظ ہے، رانا ثنا

196

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہملک کے موجودہ حالات میں حکومتی کردار سب سے بڑی زیادتی ہے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو، بچے اور خواتین محفوظ نہ رہ سکیں اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جو وزیراعظم وعدے کے مطابق ساہیوال خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے انہیں خاموش رہنے پر مجبور کردے وہ زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کوکس طرح انصاف دلائیں گے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی سی پی اولاہور کے متاثرہ خاتون سے کیے گئے سوالات حکومت کی طرف سے قوم کو پیغام ہے کہ جاگدے رہنا ساڈے تے نہ رہنا۔ انہوں نے مزید کہ کہا توشہ کیس حکمرانوں کا ایک شوشا ہے، نااہل حکومتی ٹولہ ہر روز اس قسم کا نیا شوشا چھوڑتا ہے، جس کیس میں نواز شریف کو سزادی گئی ہے اس میں جج ارشد کے اعتراف اور برطرفی کے بعد سزا کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، ہر روز عاید کیے گئے الزامات جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں، اللہ سے امید ہے کہ انصاف بھی ملے گا۔