پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا

247

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس کے بعد پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سیکورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) کی مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سیکورٹی اور گشت کا حکم دے دیا۔آئی جی پنجاب کے حکم پر ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ اور ڈی آئی جی ایس پی یو نے مراسلہ جاری کرکے ٹیموں کو سیکورٹی ہدایات جاری کردیں جس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایس پی یو اور پی ایچ پی کے250 اہلکار گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر پٹرولنگ اور سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کی تعیناتی تک پنجاب پولیس لاہور سیالکوٹ موٹروے پر سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دے گی۔ ایس پی یو اور پی ایچ پی کی مشترکہ ٹیمیں 3 شفٹوں میں اپنی ذمے داریاں ادا کریں گی۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اور ڈی آئی جی ایس پی یو بلال صدیق کمیانہ نے جائے واردات کا دورہ کرکے ہدایات جاری کیں۔