اردن: مارٹر گولوں کے گودام میں طاقت ور دھماکا

91
اردن: مارٹر گولوں کے گودام میں دھماکے کے بعد دھواں اور شعلے بلند ہو رہے ہیں‘ پولیس نے جائے حادثہ کو جانے والی شاہراہیں بند کردی ہیں

عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) اُردن کے شہر زرقا کے مشرق میں واقع مسلح افواج کے زیر انتظام مارٹر گولوں کے ایک گودام میں جمعہ کی صبح زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پورا شہر لرز اٹھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ گودام میں دھماکا بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات اور عمارتوں سے سلسلہ وار خوفناک دھماکوں کی آواز سنی گئی ہیں۔ اُردن کے وزیر مملکت برائے امور اطلاعات امجد عضائلہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غیر آباد علاقے میں واقع گودام کی سیکورٹی کیمروں کے ذریعے براہ راست نگرانی کی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے تمام راستوں کی ناکابندی کردی جب کہ اس دوران شہری دفاع کے عملے نے آگ بجھنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا۔ مسلح افواج کی جنرل کمان کے ایک ذمے دار نے اپنے بیان میں بتایا کہ جمعہ کی صبح جس گودام میں دھماکا ہوا، وہاں موجود گولہ بارود کے ذخائر کو ٹھکانے لگانے کا کام جاری ہے۔ ماہرین اور متعلقہ اداروں نے دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دوسری جانب فوج نے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے اور اس سلسلے میں صرف سرکاری ذرائع ہی پر اعتماد کیا جائے۔