بارشوں سے نقصان کی ذمے دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے

145

پنگریو (نمائندہ جسارت) مرزا گروپ کے مرکزی رہنما غلام محمد خواجہ عرف دلبر سندھی نے کہا ہے کہ تحصیل ٹنڈو باگو کی ساحلی یونین کونسلوں میں حالیہ بارشوں کے مقابلے میں زیادہ نقصان سیم نالوں اور نہروں کے شگافوں نے کیا ہے، جس کی ذمے داری پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیم نالوں اور نہروں کی صفائی، پشتوں اور ریگولیٹروں کی مرمت کے لیے ہر سال مختص کی جانے والی کروڑوں روپے کی رقم خورد برد کرلی جاتی ہے، بھل صفائی نہ ہونے کے باعث تحصیل ٹنڈو باگو کی ساحلی یونین کونسلوں اولیاء جرکس، سمن سرکار، ملکانی شریف، اولیاء خان شاہ، خیرپور گمبو، پیر بودلو، خلیفو قاسم اور دیگر میں زبرددست نقصان ہوا ہے، ہزاروں گھر گرگئے ہیں اور دیگر املاک کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ بارشوں اور شگافوں کے باعث بے گھر ہونے والے افراد راستوں پر بے یارو مدد گار بیٹھے ہوئے ہیں مگر ان متاثرین کو نہ تو خیمے فراہم کیے جارہے ہیں اور نہ ہی راشن۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں جاری ریلیف پیکیج میں سنگین بے ضابطگیاں اور اقربا پروریاں کی جارہی ہیں، اصل مستحقین کو نظر انداز کرکے سندھ کی حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی اور عہدیدار اپنے اپنے من پسند افراد میں خیمے اور راشن تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ضلع بدین کے سیلاب متاثرین کو وفاقی حکومت سے ریلیف دلانے کی بھرپور کوشش کررہی ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں تاخیر پر اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے، تاہم حکومت سندھ اپنی ذمے داریاں نبھانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ اس موقع پر حاجی محمد پناہ ملاح، انور رستمانی، سکندر سومرو، عزیز لغاری اور فیصل چیمہ بھی موجود تھے۔