مکلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں قیمتی پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کا انکشاف

158

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) مکلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں قیمتی پلاٹس کی چائنا کٹنگ کا انکشاف، جعلسازی کیخلاف شہریوں اور متاثرہ پلاٹ مالکان نے سوسائٹی کی انتظامیہ کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ اس ضمن میں مکلی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین سماجی رہنما سید اسداللہ شاہ، ایس ٹی پی ٹھٹھہ کے صدر سید جلال شاہ، ملاح فورم کے رہنما ڈاڈا آدم گندرو، صدیق مور ڈولو، احسان خان، حفیظ شاہ اور دیگر نے مکلی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ سابق چیئرمن عبدالواحد عقیلی نے سابق ڈائریکٹرز سے ملی بھگت کرکے اصل مالکان کے پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کرکے فرخت کردیے ہیں۔ 2012ء سے لے کر 2014ء کے دوران اپنے مکلی آفس میں ڈیٹا انٹری آپریٹر اور سب اکائونٹنٹ کے طور پر ملازمت کرنے والوں کے نام غیرقانونی طور پر پلاٹ الاٹ کردیے ہیں، بعد ازاں تمام پلاٹس کروڑوں روپے میں فرخت کردیے گئے ہیں۔ موجودہ چیئرمین فیصل قریشی نے صرف ریکارڈ کی درستگی کے لیے مکلی پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرکے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ تین دن کے اندر اصلی پلاٹ ریکارڈ پر بحال نہیں کیے گئے اور ذمے داروں کیخلاف کارروائی نہیں کی گئی تو 15 ستمبر سے مکلی آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا کر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔