حکومت کو ہٹانا اب پوری قوم کی ذمے داری بن چکی ہے

174

سکھر (نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ اس حکومت کو ہٹانا اب پوری قوم کی ذمے داری بن چکی ہے، اپوزیشن ابھی جے یو آئی کا ساتھ نہیں دے رہی ہے، اپوزیشن کی دونوں بڑی پارٹیوں کا رویہ صحیح نہیں ہے، اپوزیشن کو اپنے رویے پر نظر ثانی کرنا ہے اور اگر انہیں اپوزیشن کرنا ہے تو انہیں اس حکومت کے خلاف جدوجہد کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے بوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اکثریت کھو چکی ہے، اب اسے از خود ہی مستعفی ہوجانا چاہیے، جھوٹ پر مبنی سلیکٹڈ حکومت زیادہ نہیں چل سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حکومت کے خلاف جلسے، ملین مارچ اور لاک ڈائون کیا، کورونا وبا کے باعث ہم نے اپنے جلسے ملتوی کیے، اب عمران خان مضبوط ہوگیا ہے، تاہم حکومت پر اب عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ پاکستان کے نامور سیاستدان ہیں، میری نظر میں خورشید شاہ کو بلاوجہ پابند سلاسل رکھا گیا ہے،جبکہ2 سال گزرنے کے باوجود موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، حکومت اپنی کارکردگی چھپانے کے لیے اپوزیشن کے رہنمائوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو جے یو آئی نے کبھی تسلیم نہیں کیا، نیب کی کارکردگی سب کے سامنے ہے. وہ سیاسی آشیرباد پر سیاسی رہنمائوں کی پگڑیاں اچھال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے دن کہا کہ یہ حکومت سیلیکٹڈ اور بدترین دھاندلی سے قائم ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 1 کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کا وعدہ جھوٹا نکلا حکومت کے ایک بھی دعوے اور وعدے پر پیش رفت نہیں ہوئی۔