بلاول کے دورہ میرپور خاص سے عوام مایوسی کا شکار ہوئے

356

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف ضلع میرپور خاص کے صدر آفتاب حسین قریشی کا بلاول زرداری کے دورہ میرپورخاص پر ردعمل، پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری کے دورے میرپور خاص سے ضلع کے عوام سخت مایوسی کا شکار ہوئے، حالیہ طوفانی بارشوں سے کم و بیش ساڑھے چار لاکھ لوگ متاثر ہوئے اور 30 ہزار ایکڑ پر مشتمل زرعی زمین پر لگائی گئی فصلیں متاثر ہوئیں جبکہ سائیں سرکار کی جانب سے پی پی چیئرمین کے دورہ میرپور خاص میں تمام تر وسائل کے باوجود اونٹ کے منہ میں زیرہ رکھ دیا گیا ہے۔ میرپور خاص ضلع میں متاثرہ ساڑھے چار لاکھ لوگ ہیں اور صرف ایک ہزار خیمے، 3300 راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ سائیں سرکار نے عوام کے ساتھ مذاق کے سوا کچھ نہیں کیا، جس ضلع کو سرکاری سطح پر آفت زدہ قراد دیا جاچکا ہو، جہاں کم و بیش ساڑھے چار لاکھ لوگ متاثر ہوں، وہاں ایک ہزار خیمے، 3300 بیگ راشن دینا عوام کے ساتھ زیادتی ہے، اتنا سامان تو کوئی بھی مخیر شخص تقسیم کردیتا، آپ نے کون سا احسان کردیا، آپ نے صرف پریشان حال لوگوں، بے یارو مددگار چھوڑ دیا، اس سے تو بہتر تھا آپ دورہ نہ ہی کرتے، آپ کے دوریِ سے عوام کو ریلیف نہیں مل سکا۔ یہ دورہ میرپور خاص مکمل طور پر ناکام دورہ رہا، اس کی ایک بڑی وجہ یہاں کی مقامی لیڈر شپِ کے درمیان بڑھتے اختلافات بھی ہیں جس کے باعث پی پی چیئرمین بلاول زرداری کا دورہ میرپور خاص ناکام ہوا، صرف اور صرف فوٹو سیشن پر خاص توجہ دی گئی، عوام کو ماموں بنادیا گیا۔ پورا ضلع پانی میں ڈوبا ہوا ہے، پورے ضلع میں بارش نے تباہی مچادی ہے اور عوام کو سائیں سرکار کی جانب سے ایک ہزار خیمے، 3300 راشن بیگز دے کر عظیم کارنامہ انجام دیا گیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔