ٹرینبا گونائٹ رائیڈرز چوتھی مرتبہ کیریبین پریمیئر لیگ کا فاتح بن گیا

255

ٹرینیڈاڈ(جسارت نیوز ) لینڈل سیمنزاور ڈیرن براوو کی ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے چوتھی مرتبہ کیریبیئن پریمیئرلیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ لیگ کی ناقابل شکست اور فاتح ٹیم ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے فائنل میچ میں سینٹ لوسیا زوکس کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر مجموعی طور پر چوتھا جبکہ گزشتہ 4 سیریزمیں تیسرا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز لیگ کے فائنل سمیت 12 میچز میں کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم نے سینٹ لوسیا زوکس کی طرف سے ملنے والا 155 رنز کا ہدف بآسانی 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 11 کیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کے اوپننگ بلے باز لینڈل سیمنز دھواں دار بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ٹرینیڈاڈ کے مقام پر کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں سینٹ لوسیا زوکس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 154 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 155 رنز کا ہدف دیا۔آندرے فلیچر نے 39، مارک ڈیال نے 29 اور نجیب اللہ نے 24 رنز بنائے جبکہ چھ کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کے کپتان کیرون بولارڈ نے 4، علی خان اور فواد احمد نے 2,2 وکٹیں لیں۔ جواب میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے لینڈل سیمنز کے ناقابل شکست 84 اور ڈیرن براوو کے ناقابل شکست 58 رنز کی بدولت 155 رنز کا مطلوبہ ہدف بآسانی 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ لینڈل سیمنز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔