بین الصوبائی گروہ کے 4 کارندوں سمیت 8 ملزمان گرفتار

305

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پولیس نے مختلف کارروائیوں میں بین الصوبائی گروپ کے 4 کارندوں سمیت 8ملزما ن گرفتار کرلیے۔گلشن معمار سے بین الصوبائی ڈکیت گروہ سے تعلق رکھنے والے 4 ڈاکوؤں کو شہری کی بروقت اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا‘ ملزمان پنجاب اور کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے دوران انٹیروگیشن پنجاب اور کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ گرفتار ڈاکوئوں کو پنجاب کی عدالت نے اشتہاری قرار دیا تھا۔ مرکزی ملزم محمد قاسم اور محمد باقر پر لاہور میں سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم سمیت 3افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ضلع ملیر پولیس کے مطابق اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود گلشن حدید اورنیشنل ہائی وے پر ملزمان اسلحہ کے زور پر گاڑیوں سے لو ٹ مار کی واردات میں مصروف تھے کہ علاقہ مکینوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلا ع دی۔ فوری طور پر علاقہ پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں نے کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے 2ملزمان محمد نوید اور عامر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں میمن گوٹھ اور فلٹر پلانٹ، گلشن حدید اور نیشنل ہائی وے پر چھینا جھپٹی کی زیادہ تر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم جنید نذیر سے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج، تفتیش کا آغاز کر دیاگیا ۔گرفتار ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کیلیے بھیج دیا گیا ہے۔