دہری شہریت: الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

150

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں دہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دینے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس عائشہ اے ملک نے شہری نعیم الرحمن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی 13 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بیرون ممالک سے بھجواتے ہیں اور ملکی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ دہری شہریت رکھنے والے افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دینا عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 109 کو کالعدم قرار دے اورعدالت دہری شہریت والوں کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے۔