عاصم باجوہ کی منی ٹریل پر شک ہے تو جے آئی ٹی کی درخواست دیں، شہزاد اکبر

197

لاہور( نمائندہ جسارت) وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہاہے کہ جسے سابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کی منی ٹریل پرشک ہے وہ جے آئی ٹی بنانے کے لیے درخواست دے۔شہزاد اکبر نے جمعہ کو داتا دربار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس الزامات کے سوا کچھ نہیں ہے، آل شریف جھوٹ بول کر فرار ہوئی، رانا ثنا اللہ نیب کے سوالات کے جوابات دیں۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اے پی سی کے لیے رینٹ اے کراؤڈ کا کام کر رہے ہیں۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ لاہور میں خاتون سے زیادتی کا معاملہ حکومت کے لیے ٹیسٹ کیس ہے،خاتون سے زیادتی کیس میں لاہور پولیس درست سمت میں کام کر رہی ہے، پنجاب کی شاہراہیں سب کے لیے محفوظ ہوں گی۔سی سی پی او لاہور سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شہزاداکبر نے کہا کہ ن لیگ کے ایک سابق وزیر نے عمر شیخ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سی سی پی او لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔