سی سی پی او لاہورکا بیان مناسب نہیں‘وزیرقانون پنجاب

139

لاہور (صباح نیوز) وزیر قانون پنجاب راجا بشارت نے لاہور موٹروے گینگ ریپ کیس سے متعلق سی سی پی او کے بیان کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور وزیراعلیٰ، عمر شیخ کی برطرفی کے مطالبے سے آگاہ ہیں اور یہ ان کا اختیار ہے کہ انہوں نے کیا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس وقت ہماری مکمل توجہ ملزمان کو گرفتار کرنے پر ہے لہٰذا اس وقت اگر ہم انتظامی معاملات میں اُلجھ گئے تو ہم شاید اصل ہدف حاصل نہ کرسکیں۔ لاہور موٹروے کے قریب پیش آئے گینگ ریپ کے واقعے کے بعد جائے وقوع کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اسی رنگ روڈ پر ایک انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا اور اس کے بعد سے ہماری ٹیمز تفتیش کر رہی ہیں‘ جائے وقوع سے جو بھی ثبوت ملا وہ فرانزک کو دیا جبکہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل بھی ہوچکا ہے اور ان سے بھی فرانزک سے متعلق مواد لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب حکومت اور عثمان بزدار کا پورا زور اس بات پر ہے کہ ہمیں کسی طرح بھی اصل ملزمان تک پہنچنا چاہیے۔