جی آئی ڈی سی کا معاملہ عدالتی فیصلے کے مطابق حل ہوگا، عبدالحفیظ شیخ

106

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ گیس انفرا اسٹرکچرڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کا معاملہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق حل کیا جائے گا تاہم حکومت کورونا وائرس کی وبا کے بعد کی صورتحال میں صنعتوں کو معاونت فراہم کرے گی، وزیراعظم کے مشیر نے جی آئی ڈی سی کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے ضمن میں دو 3 قابل عمل آپشن دینے کیلیے 2 الگ الگ ذیلی گروپ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعے کو فرٹیلائزر کی صنعت اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس سے متعلق امور پر 2 علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ فرٹیلائزرز مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی مشاورتی کونسل کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) طارق خان اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر امان اللہ نے گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی ادائیگی کیلیے مدت میں اضافے کی درخواست کی تاکہ دونوں صنعتوں کی بہتر لیکویڈیٹی (کیش) صورتحال ہوں۔ وزیراعظم کے مشیرنے اس معاملے پرشرکاء کی حقائق پر مبنی رائے اور مؤقف کو سنا اور اس بات پر زور دیا کہ اس ضمن میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے پرعمل درآمدکیا جائے گا۔