قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 72 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

131

لاہور (اے پی پی) برصغیر پاک وہند کے عظیم رہنما اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 72 ویں برسی جمعے کے روز ملک بھر میں قومی و ملی اتحاد و یگانگت کے جذبے کے ساتھ عقیدت و احترام سے منائی گئی، اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے دن کا آغاز کراچی میں مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی سے ہوا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ لاہور میں بھی قائداعظمؒ کے ایصال ثواب کیلیے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کی بقا، سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور قائداعظم محمد علی جناحؒکی امنگوں کے مطابق قیام پاکستان کے مقاصد کو شرمندہ تعبیر کرنے اور ان کے فرمان ’’ایمان، اتحاد، تنظیم‘‘ کو مقصد حیات بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔