حقوق کراچی مارچ عوام کا ترجمان ہوگا،حافظ نعیم

686

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کاکہنا ہے کہ “حقوق کراچی مارچ” کراچی کے عوام کا حقیقی ترجمان ہو گا۔

“حقوق کراچی مارچ” کی تیاریوں کے سلسلے میں ادارہ نورحق میں ہرسطح کے ناظمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نےکہاکہ جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی تحریک“ حکمرانوں کو متوجہ کرنے اور کراچی کے عوام کے حقوق حاصل کرنے کی تحریک ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ مارچ 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ہوگا جس میں مزدور،تاجر، وکلاء نوجوان، طلبہ و اساتذہ، علماء کرام اور خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے، اس حوالے سے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر کارنر میٹنگز کی جائیں، جلد ہی برادر تنظیموں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حکمران طبقوں کی مسلسل نا انصافیوں نے کراچی کو سب سے زیادہ مسائل زدہ شہر بنا دیا ہے، پی پی اور ایم کیو ایم دونوں کراچی کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، پی ٹی آئی نے بھی دو سال میں کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا،

مسائل کے حل کے لیے با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے،کراچی کومیگا میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ دیا جائے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ وسائل کی درست اور منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی کاموں کو بہتر انداز میں کرنے کے لیے درست مردم شماری کرائی جائے،کوٹہ سسٹم ختم کر کے میرٹ کا نظام وضع کیا جائے، ہم موجودہ سندھ لوکل باڈیز ایکٹ (SLBA) کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اسے ختم کیا جائے۔