موٹر وے کے مجرموں کو سرعام پھانسی دی جائے، دردانہ صدیقی کا مطالبہ

866

کراچی :جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ موٹر وے کے مجرموں کوگرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت کراچی پریس کلب پر موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور پرانی سبزی منڈی میں 5سالہ بچی کے اغواء اور زیادتی و قتل سمیت خواتین اور بچیوں کے ساتھ پیش آنے والے اس قسم کے افسوس ناک واقعات کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھائے ہوئے تھے جن پر خواتین اوربچیوں کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف کلمات درج تھے، اس موقع پر ناظمہ کراچی اسماء سفیر  بھی موجود تھیں۔

دردانہ صدیقی نے مظاہرین کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے مجرموں سمیت موٹر وے کے مجرموں کوگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ   بچوں اور بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی،ریپ اور قتل کے مجرموں کوقانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بِلاتاخیر سرِ عام پھانسی دی جائے۔

دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوں کا راج ہے،ملک میں حیا کا کلچر عام کیا جائے، بچوں، بچیوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے کیسز میں رہا شدہ مجرموں کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے۔

اسماء سفیر  نے کہا کہ   آئین ِ پاکستان کے آرٹیکل 35 کے تقاضے کے مطابق شادی، خاندان،ماں اور بچے کی حفاظت کے حوالے سے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے، آئین کے آرٹیکل 37(g) کے مطابق حکومت عصمت فروشی، قمار بازی، ضرررساں ادویات کے استعمال، فحش لٹریچر اور اشتہارات کی طباعت، نشر و اشاعت اور نمائش کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

ناظمہ کراچی نے مزید کہاکہ  بچوں اور بچیوں کو زیادتی کے بعدقتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،  اگر پہلے ہی واقعے کے بعد جنسی درندوں کو نشان عبرت بنادیا جاتا تو زیادتی کے واقعات کو بڑھنے سے روکا جاسکتا تھا۔