عارف علوی کااسٹاک ایکسچینج کا دورہ‘اعلیٰ افسران سے ملاقات

319

کراچی(کامرس رپورٹر) صدر عارف علوی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، وزارت بحری امور کے مشیر محمود مولوی،خرم شیر زمان ، حلیم عادل شیخ اور دیگر افراد بھی صدر کے ساتھ تھے۔چیئرمین پی ایس ای بورڈ سلیمان مہدی ،سربراہ پی ایس ای فرخ خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے عارف علوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور ملک کی معیشت و کیپٹل مارکیٹ پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کی ترقی اوراستحکام حوصلہ افزا ہے۔اس موقع پر صدر عارف علوی نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ اور ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے اپنے تعاون کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے پی ایس ای کوعالمی سطح پر اجاگر کرنے پر بھی زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنا سرمایہ لگا کر اس کے ثمرات سمیٹ سکیں۔ پی ایس ای اور ملکی معیشت بہترین سمت میں گامزن ہوچکی ہیں۔اس موقع پر سربراہ پی ایس ای فرخ خان نے صدر عارف علوی کے دورے کو نیک شگون قراردیتے ہوئے کہا کہ ملکی اسٹاک مارکیٹ کورونا وائرس، دہشت گردی اور موسم کی سختیوںکے باوجود ملکی معیشت کیلیے بہترین کارکردگی پیش کررہی ہے۔