کراچی: 4 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی، متعدد افراد زخمی

600

کراچی کے علاقے کورنگی میں اللہ والا ٹاؤن میں 4 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہونے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کراسنگ پر اللہ والا ٹاؤن میں 4 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے.

علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کردیں بعد ازاں اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا.

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 6 زخمیوں کونکال کر اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ باقیوں کی تلاش جاری ہے تاہم ملبہ اٹھانے کے لیے ہیوی مشینری بھی طلب کرلی گئی ہے.

ڈی جی ایس بی سی اے آشکار داوڑ نے عمارت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ گرنے والی عمارت 80 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی اور متاثرہ عمارت گرائونڈ پلس فور تھی جبکہ بلڈنگ چائنہ کٹنگ کرکے قبضے کی جگہ پر بنائی گئی تھی.

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں رہائش پذید افراد کا ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے.