اینکر مرید عباس قتل کیس: ملزم عدالت سے فرار

605

اینکر مرید عباس قتل کیس میں رہائی کا حکم معطل ہونے پر ملزم عادل زمان عدالت سے فرار ہوگیا.

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ملزم کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کا حکم نامہ معطل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے فوری جیل بھیجنے کا حکم دے دیا.

عدالت عظمی نے اپنے حکم میں کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اہم شواہد کو نظرانداز کیا، سپریم کورٹ نے کہا کہ ملزم کے خلاف 4 گواہ موجود ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا.

بعد ازاں اینکر مرید عباس کے قتل کیس میں ضمانت خارج ہونے پر نامزد ملزم عادل زمان عدالت سے فرار ہوگیا.

خیال رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساوتھ اورنگزیب شاہ نے اینکر مرید عباس قتل کیس کے اہم ملزم عادل زمان کی دوسرے مقدمے میں بھی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا.

واضح رہے کہ پولیس نے لائسنس یافتہ پستول عاطف زمان کو دینے کے سلسلے میں عادل زمان کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کیا تھا، عاطف زمان نے عادل زمان کے پستول سے فائرنگ کرکے مرید عباس کو قتل کیا تھا، اس سے پہلے سندھ ہائیکورٹ نے ملزم عادل زمان کو مرید عباس قتل کیس میں بھی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔