جھڈو،پولیس کا حیسکو کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر لاٹھی چارج

182

جھڈو (نمائندہ جسارت) حیسکو کیخلاف احتجاج کرنا مہنگا پڑگیا، پولیس مظاہرین پر ٹوٹ پڑی، مظاہرین اور پولیس گتھم گتھا، خواتین کا تقدس پامال کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں نے لاٹھیاں برسائیں، مین شاہراہ چار گھنٹے تک بند رہی، ڈی ایس پی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔ جھڈو کے وارڈ نمبر ایک گجراتی محلے کے رہائشی خاکروبوں کی کام چھوڑ ہڑتال، ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث مسلسل دو ماہ سے بجلی کی بندش سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے، مرد، خواتین اور بچوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔ دھرنے کے بعد جھڈو پولیس ایس ایچ او جھڈو کی قیادت میں سڑک خالی کروانے پہنچ گئی اور مظاہرین سے بات چیت کرکے روڑ خالی کروانے کے بجائے طاقت کا استعمال شروع کردیا اور آتے ہی مردو خواتین پر لاٹھیاں برسانا شروع کردیں، خواتین کے تقدس کا بھی خیال نہیں کیا گیا، جس سے احتجاجی شرکاءمیں اشتعال پھیل گیا۔ پولیس اور احتجاجی شرکاءگتھم گتھا ہوگئے، جبکہ بعض مظاہرین کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔ مظاہرین نے پانچ گھنٹے تک جھڈو میرپور خاص مین شاہراہ پر دھرنا دیے رکھا۔ حیسکو اور پولیس اہلکاروں کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں پر ڈنڈے برسانے والے ایس ایچ جھڈو اور پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جانے تک احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے میں دوماہ سے بجلی بند ہے، مجبوراً وہ دو ماہ بعد احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ بعد ازاں ڈی ایس پی جھڈو سجان سنگھ کی جانب سے ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔