نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے 6 ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان

1235

لاہور:چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز نے رواں ماہ شروع  ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ  کے لیے اپنی اپنی فرسٹ اور سیکنڈ الیون ٹیموں کے لیے 16،16  رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔

ایونٹ کا فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گا جبکہ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچز یکم سے 8 اکتوبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے،دونوں ٹورنامنٹس( فرسٹ اور سیکنڈ الیون)میں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے ٹائٹلز کا دفاع کرے گی۔

نادرن

دفاعی چیمپئن ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نےڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے بھی ایک مضبوط ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیم کی قیادت پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم کریں گے جبکہ حال ہی میں دورہ انگلینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کرکٹر شاداب خان، حیدر علی، حارث روف اور محمد عامر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

ٹیم کے کپتان عماد وسیم 9  اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے ایونٹ کے سیکنڈ راؤنڈ کے لیے دستیاب ہوں گے وہ ابھی ای سی بی کے وائٹیلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں نوٹینگھم شائر کی نمائندگی  کر رہے ہیں۔

ناردرن کے سکواڈ میں عماد وسیم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، علی عمران، آصف علی، فرزان راجہ، حیدر علی، حماد اعظم، حارث رؤف، محمد عامر، محمد نواز، موسیٰ خان، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، سہیل اختر، سہیل تنویر، عمر امین  اور ذیشان ملک شامل ہیں۔

بلوچستان

گذشتہ سال ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے والی بلوچستان کی قیادت حارث سہیل کے سپرد ہےجبکہ اس کے  ہیڈ کوچ فیصل اقبال  ہوں گے۔

بلوچستان کے سکواڈ میں حارث سہیل (کپتان)، بسمہ اللہ خان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، اکبر الرحمٰن، عاکف جاوید، عماد بٹ، اویس ضیاء ، امام الحق، عمران بٹ، عمران فرحت، کاشف بھٹی، خرم شہزاد، تیمور خان، عمید آصف، عمر گل، اسامہ میراور یاسر شاہ شامل ہیں۔

سینٹرل پنجاب

قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سینٹرل پنجاب  کی کپتانی کریں گے،اوپنر احمد شہزاد اور فاسٹ باؤلر حسن علی فٹنس کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے، ہیڈ کوچ شاہد انور پہلی مرتبہ ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کے ڈگ آؤٹ میں نظر آئیں گے۔

گذشتہ سال منعقدہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کسی میچ میں جگہ نہ بنانے والے سلمان بٹ کو رواں سال فرسٹ الیون ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، لاہور قلندرز میں شامل سلمان بٹ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بھی اب تک صرف ایک میچ ہی کھیلا ہے تاہم ان کے تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے، انہیں سیکنڈ الیون کی قیادت سونپی گئی جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔

سینٹرل پنجاب کے سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، سعد نسیم(نائب کپتان) ،کامران اکمل(وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، عابد علی، احمد بشیر، بلال آصف، احسان عادل، فہیم اشرف، عرفان خان نیازی، نسیم شاہ، قاسم اکرم، رضوان حسین، صہیب اللہ، عثمان قادراور ظفر گوہر شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریں گے،ستاروں سے سجی اس کہکشاں کی ہیڈ کوچنگ کے فرائض  سابق کرکٹر عبدلرزاق کریں گے۔

خیبرپختونخوا کے سکواڈ میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، جنید خان (نائب کپتان)، ارشد اقبال،آصف آفریدی، فخر زمان، افتخار احمد، عمران خان سینئر، محمد حفیظ، محمد حارث(وکٹ کیپر)، محمد محسن، صاحبزادہ فرحان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان خان شنواری، وہاب ریاض اور زوہیب خان شامل ہیں ۔

سندھ

اْدھر سندھ کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کریں گے،سابق کرکٹر باسط علی بطور ہیڈ کوچ ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔

سندھ کے اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان، وکٹ کیپر )، سعود شکیل (نائب کپتان)، احسان علی، انور علی، اسد شفیق، اعظم خان، دانش عزیز، حسن خان، خرم منظور، میر حمزہ ، محمد اصغر، محمد حسنین، محمد طحہٰ ، رومان رئیس، شرجیل خان اور سہیل خان شامل ہیں۔

سدرن پنجاب

سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے۔

سدرن پنجاب کے اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، حسین طلعت (نائب کپتان)، عامر یامین، علی شفیق، بلاول بھٹی، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد الیاس، محمد عرفان، راحت علی(فٹنس سے مشروط)، سیف بدر، صہیب مقصود، عمر خان، عمر صدیق خان، زاہد محموداور ذیشان اشرف (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔