جماعت اسلامی نےحقوق کراچی تحریک کا آغاز کردیا

628

    کراچی: جماعت اسلامی کے تحت حقوق کراچی تحریک اور27ستمبر کو شارع فیصل پر ہونے والے عظیم الشان مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس  میں جماعت اسلامی یوتھ کراچی کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی، جس میں حقوق کراچی تحریک اور مارچ کے لیے منصوبہ بندی کی گئی اور ہر سطح کے ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ فوری طور پر تیاریاں شروع کر دی جائیں۔

 اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ بروز 11ستمبر پورے کراچی کے ذمہ داران اور ہر سطح کے ناظمین کاایک اجتماع ادارہ نورحق میں منعقد کیا جائے گا تاکہ پورے کراچی میں مہم بھرپور انداز میں برپا ہوسکے۔

کارکنان شہر بھر میں گھر گھر ملاقاتیں کریں گے، پبلک مقامات پر عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز کی جائیں گی، اہم شاہراہوں اور چورنگیوں پر کیمپ لگائے جائیں گے، بینرز، پوسٹرز، ہیڈ بلز اور بل بورڈ ز کا اہتمام کیا جائے گا۔ کراچی کے حقوق اور گھمبیر مسائل سے نجات کے لیے کراچی چارٹر تیار کیا جائے گا اور ایک کتابچہ بھی جاری کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  صوبائی حکومت کے فیصلے غیر جمہوری اور غیر سنجیدہ ہیں جنہیں کراچی کے باشعور اور جمہوریت پسند شہری ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نےمزید کہاکہ  پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے، ایم کیو ایم بھی اقتدار میں شریک رہی ہے ان ہی کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام تباہ و بربادی کا شکار ہیں۔

امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کراچی پیکیج کی بہت بات کی جارہی ہیں لیکن وفاقی و صوبائی حکومتوں کے غیر سنجیدہ رویے، ماضی کے ریکارڈ اور ایک دوسرے پر الزامات اور سیاست بازی کے عمل نے عوام کو مایوس کیا ہے اور پیکیج کو مزاق بنایاجارہا ہے اورایسا محسوس ہوتا ہے کہ عوام کو پیکیج کے نام پر ایک بار پھر دھوکہ دیا گیا ہے۔