ایڈمنسٹریٹر کراچی کی پہلی پریس کانفرنس ہی متنازعہ ہوگئی

844

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کی پہلی پریس کانفرنس ہی متنازعہ ہوگئی، ایڈمنسٹریٹرکراچی میڈیا کے سوالات کا سامنا نہ کرسکے بطور کمشنر کراچی دودھ اور سبزیوں کی قیمت کیوں کنٹرول نہ کر سکے؟افتخار شالوانی جواب دینے کے بجائے پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔

بدھ کو کے ایم سی بلڈنگ میں سابق کمشنر افتخار شالوانی جنہیں اب ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا گیا ہے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کے سوالات پر غصے میں آگئے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاسی آدمی نہیں مجھ سے کوئی سیاسی سوال نہ کیا جائے، سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت جو ذمہ داری ہے اسے ادا کرونگا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ میری آج صحافیوں سے تعارفی ملاقات ہے بس اسٹیٹمنٹ دینے آیا ہوں بعد میں صحافیوں نے ایڈمنسٹریٹر کے رویے پر شدید احتجاج بھی کیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی صحافیوں کے سخت سوالات پر گھبرا گئے، میں تو صرف اپنا بیان دینے آیا تھا اور جو ماضی میں ہوا اس کی بات نہ کریں۔ میں نے کمشنر کراچی کی حیثیت سے شہر کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔