عراق میں خودکش حملہ‘ فوجی ہلاک‘ 2 زخمی‘ 50 راکٹ برآمد

428
کرکوک (عراق): حکومت نواز ملیشیا کے ارکان داعشی جنگجوؤں کے خلاف سرچ آپریشن کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر ملنے والے گولوں کی ہے

بغداد (انٹرنیشنل ڈیس) عراقی صوبے کرکوک میں فوجی اہل کاروں کی جانب سے گھیراؤ کے بعد حملہ آور نے خود کوبم سے اڑادیا۔ فوجی ترجمان یحییٰ رسول کا کہنا تھاکہ وادی ابو شحہ میں پیش آنے والے واقعے میں ایک فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوئے۔ سیکورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کرکوک کے جنوب سے 50 راکٹ اور 300 گرینیڈبرآمد بھی کیے۔ آپریشن کے دوران 3خفیہ پناہ گاہیں بھی سامنے آئیں۔ انسداد دہشت گردی کی اسپیشل فورس نے پیرکے روز خفیہ معلومات کی بنیاد پر کرکوک کے جنوب میں داقوق ضلع میں اچانک کارروائی کی تھی،جس میں داعش کے 2کمانڈر ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب عراقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک دستاویز میں سیکورٹی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے والی سیکورٹی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دستاویز میں کمپنیوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ اس حوالے سے احتیاط برتیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے یہ انتباہ ایران نواز عراقی گروپوں کی دھمکیوں کے بعد سامنے آیا ہے،جنہوں نے ملک میں امریکی اڈے اور مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ اس سے قبل پیر کی شب بغداد کے شمال میں بین الاقوامی اتحاد ی فوج کے لیے ساز و سامان لے کر جانے والے عراقی ٹرکوں کے قافلے کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔