حقوقِ کراچی تحریک، جماعت اسلامی کا 27 ستمبر کو تاریخ ساز مارچ کا اعلان

695

جماعت اسلامی نے حقوقِ کراچی تحریک کا آغاز کرتے ہوئے 27ستمبرکو شاہراہِ قائدین پر تاریخ ساز مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے حقوق کراچی تحریک کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں  27 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان  مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا ہےکراچی کے لیے 1100ارب روپے کے پیکیج کا اعلان ہوتے ہی سیاسی شعبدہ بازی اور پوائنٹ اسکورنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، کراچی کو ایک با اختیار شہری حکومت دی جائے۔ جس میں شہر کے تمام ادارے اس کے ماتحت  ہوں لینڈ کنٹرول کے نام پر کنٹونمنٹ بورڈ، کے پی ٹی اور بلدیہ عظمیٰ سمیت دیگر اداروں کی تقسیم ختم کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق کراچی کی آبادی آج تقریباً  3کروڑ تک پہنچ گئی ہے لیکن مردم شماری میں اسے ڈیڑھ کروڑ ظاہر کیا گیا ہےکراچی میں شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ شہر کی حقیقی قیادت کو سامنے آنے کا موقع مل سکےکراچی کو آفت زدہ شہر قرار دینے کے بعد بارش سے متاثرہ اورمصیبت زدہ شہریوں اورتاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور فوری طور پر تمام یوٹیلیٹی بلز معاف کیے جائیں اور ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے جب کہ  کے الیکٹرک کو فوری طور قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔