آئی جی پنجاب ایک بار پھر تبدیل،انعام غنی نئے آئی جی تعینات

1069

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے انعام غنی کو نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس تعینات کردیا ہے۔

 اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انعام غنی کی بطور آئی جی پنجاب تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، وفاقی حکومت نےشعیب دستگیر کو آئی جی پنجاب ک عہدے سے ہٹاکر سیکریٹری نارکوٹکس لگادیا ہے۔۔

انعام غنی کوآئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جگہ تعینات کیا گیا ہے، اور وہ اِس وقت  ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے دو سالہ دورحکومت میں اب تک پانچ آئی جی پنجاب تبدیل کئے گئے، اس سے قبل کلیم امام، محمد طاہر، امجد جاوید سلیمی،کیپٹن (ر) عارف نواز کو تبدیل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سی سی پی او لاہورعمر شیخ کی تعیناتی پرآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے تحفظات کا اظہار کیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ عمر شیخ کو میری مشاورت سے تعینات نہیں کیا گیا، سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو نہ ہٹایا گیا تو میں بحیثیت آئی جی پنجاب اپنے عہدے پر نہیں رہوں گا۔

پنجاب پولیس کے افسران کا ردعمل

آئی جی پنجاب کی برطرفی پر پنجاب پولیس کےاعلیٰ افسران میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے اور اس معاملے سی پی او آفس لاہور میں اعلیٰ پولیس افسران کا ہنگامی اجلاس ہوا جنہوں نے آئی جی پنجاب کی تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کیا۔  اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز اور اے آئی جیز نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ مس کنڈکٹ پر اور چین آف کمانڈ کی خلاف ورزی پر سی سی پی او کیخلاف ایکشن ہونا چاہیے، اگر سی سی پی او آئی جی پنجاب کا حکم نہیں مانے گا تو لاہور پولیس چین آف کمانڈ کی خلاف ورزی کرنے والے سی سی پی او کا حکم نہیں مانے گی۔