وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن (کیپمس )کے قائم مقام وائس چانسلر تقرر کیا جائے

503

کراچی (اسٹاف رپورٹر): وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ  گلشن اقبال عبدالحق کیمپس کی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کا بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر تقرر کا اعلامیہ جلدازجلد جاری کیا جائے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (کراچی)کے صدر امیر احمد فاروقی، جوائنٹ سیکریٹری علی مہدی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری خرم مشتاق، تحفظ حقوق ملازمین فورم، غیر تدریسی ملازمین، گلشن اقبال کیمپس کے کنوینر حسیب زاہد اور عبدالحق کیمپس کے غیر تدریسی ملازمین کے رہنما عدیل صابر نے صدر پاکستان اور وفاقی اردو یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عارف علوی سے اپیل کی ہےکہ اردو یونیورسٹی کی سینٹ کے فیصلہ کی روشنی میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کا بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر تقرر کا اعلامیہ جلدازجلد جاری کیا جائے۔

 اردو یونیورسٹی کے تدریسی اور غیر تدریسی  افسران و ملازمین کے رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کو قائم مقام وائس چانسلر بنانے کے فیصلہ کو 20 دن سے زائد ہوچکے لیکن اب تک ان کا تقررنامہ جاری نہ ہونے سے دن بدن یونیورسٹی مختلف مالی و انتظامی مسائل کا شکار ہوتی جارہی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ملازمین کی میڈیکل کی سہولتوں کی عدم ادائیگیوں سمیت دیگر ایسی کئی ادائیگیاں زیر التواء ہیں جن کی ادائیگی کے لیے وائس چانسلر کی منظوری لازمی درکار ہوتی ہے۔ ملازمین کو تعطیلات کی اجازت کے لیے بھی وائس چانسلر کی منظوری درکار ہوتی ہے جبکہ طلبہ کی تعلیمی اسناد کا اجراء بھی تعطل کا شکار ہوچکا ہے۔

اردو یونیورسٹی کے رہنماؤں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائس چانسلر کی عدموجودگی کے تناظر میں ادارہ کو درپیش مسائل کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے فوری پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کا قائم مقام وائس چانسلر کی حیثیت سے تقررنامہ جاری کیا جائے گا۔