روسی نائب وزیراعظم کا دورۂ شام‘ بشارسے ملاقات

359
دمشق: بشارلاسد سے روسی نائب وزیراعظم یوری بوریسوف ملاقات کررہے ہیں‘ وزیر خارجہ سرگئی لاروف بھی موجود ہیں

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کا اعلیٰ سطحی وفد نائب وزیر اعظم یوری بوریسوف کی سربراہی میں شام پہنچ گیا،جہاں اس نے شامی حکومت پر قابض بشار الاسد سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، عسکری اور اقتصادی امور پر بات چیت کی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ملاقات کے ایجنڈے میں شام کے بحران کے پر امن تصفیے اور اسد حکومت کی عسکری معاونت کے حوالے سے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال بھی شامل تھا۔ روسی وفد میں وزیر خارجہ سرگئی لاروف بھی شامل تھے۔ بشار الاسد سے ملاقات کے بعد نائب وزیراعظم نے شامی وزیر خارجہ ولید منعم کے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے تجارتی و اقتصادی سمجھوتے کی تصدیق کی،جس کا مقصد بشار الاسد اور حکومتی عہدے داروں کو امریکی پابندیوں کے حوالے سے مدد فراہم کرنا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی وفد ایک اہم وژن کے تحت شام آیا ہے،جس کا مقصد سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں آئینی ترمیم اور انتخابات کی تیاری سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔ شام آمد سے قبل روسی سفارت کار کا کہنا تھا کہ حالیہ دورہ گزشتہ تمام دوروں سے مختلف ہو گا۔ روسی وفد کا دورہ چند گھنٹے پر محدود تھا،جس کے بعد نائب وزیراعظم ساتھیوں کے ساتھ قبرص پہنچ گئے۔