اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنتھیا رچی کی فوری ملک بدری روک دی

130

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کو فوری ملک بدری سے روکتے ہوئے وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے امریکی شہری کی درخواست پر سماعت کی اور ان کی فوری ملک بدری روکنے کے احکامات جاری کیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت تک سنتھیا رچی تمام
الزامات کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کریں‘ ہم یقینی بنائیں گے کہ پٹیشنر کو مکمل انصاف ملے ۔ وکیل سنتھیا رچی نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ نے ویزا مسترد کرتے وقت وجوہات کا ذکر نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ویزا مسترد کرنے میں وجوہات کا ذکر کرنا ضروری نہیں‘ ہر روز پاکستانیوں کے ویزے مسترد ہوتے ہیں کوئی وجہ نہیں بتائی جاتی۔