قوم امیر نہیں اپنے غریب طبقہ کی طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، وزیراعظم

489

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان  نے  ترلائی میں  ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی، سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا اور بعد ازاں پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا کھایا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  نے  ترلائی میں  ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ  میں انتظامی امور  اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں  کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت  کی تھی ،جس کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفراسٹرکچر ، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لئے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔

آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج  پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہیں بنایا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قوم کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی سے نہیں ہوتی ہے،قوم اپنے غریب طبقہ کے طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، مہذب معاشروں کا تصور صرف امیر ہونے میں نہیں ہے۔