بھارت نے مزید 12 لاکھ غیر مقامی افراد کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کردیے

214

نئی دہلی / سرینگر( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے مزید 12لاکھ غیر مقامی افراد کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کر دیے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کے مطابق ڈومیسائل کا اجرا جموں کشمیر کے 20 اضلاع میں کیا گیا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2 لاکھ 86 ہزار ڈومیسائل کشمیر ڈویژن اور 9 لاکھ 45 ہزار ڈومیسائل جموں ڈویژن میں جاری کیے گئے ہیں۔یادرہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے 3 لاکھ غیر مقامی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کیے تھے جس میں ایک بھی مسلمان شامل نہیں تھا۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے دریائے کشن کنگا سے 2 نوجوانوں کی لاشیں ملی ہیں ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق باندی پورہ میں کشن گنگا دریا سے ملنے والی لاشوں کی شناخت نثار احمد اور سمیر احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے۔کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ نثار احمد ترال ضلع کا رہائشی کا تھا اور 2 سال قبل لاپتا ہوگیا تھا جب کہ سمیر ڈار ضلع پلوامہ کا رہائشی تھا اور ایک سال قبل والدین نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔نوجوانوں کے اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کراتے ہوئے بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے نوجوانوں کو لاپتا کیا ہے اور انہیں ماورائے عدالت قتل کردیا جائے گا۔ مقامی حریت رہنماؤں نے بھی دعویٰ کیا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ نوجوانوں کو بھارتی فوج کے ٹارچر سیل میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہوگا اور دوران حراست ہلاکت پر نوجوانوں کی لاشیں دریا میں پھینک دی گئیں۔