ریاض اور جدہ میں پاکستانی آموں کی نمایش

269

حکومت پاکستان کی جانب سے سفارتخانہ پاکستان ریاض کے تجارتی مشن نے تمیمی سپر مارکیٹوں میں یوم آزادی کے موقع پراور بعد ازاں قونصلیٹ جنرل جدہ نے قونصل جنرل پاکستان خالد مجید کی رہایش گاہ پر مینگو ڈپلومیسی کے تحت فیسٹیول کا انعقاد کیا، جس میں پاکستانی آم کی مختلف اقسام کو سعودی عوام کے لیے پیش کیا۔ تقریب میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ریاض میں سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور جدہ میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے حاضرین کو بتایا کہ پاکستان سعودی عرب میں آموں کا دوسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے اور عرب خطے میں پاکستانی آم اپنی خاص مٹھاس اور خوشبو کی وجہ سے بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آم کا سیزن مئی سے اکتوبر کے آخر تک ہوتا ہے لیکن کورونا وائرس اور بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کی وجہ سے پاکستانی آم کو جون 2020ء میں سعودی عرب لایا گیا۔
نمایش میں آموں سے بنی مختلف اشیا جیسے ملک شیک، آئسکریم، سلائسز اور کیک وغیرہ رکھی گئی تھیں۔ اس موقع پر پاکستانی میزبانوں نے بتایا کہ سفارتخانہ پاکستان ریاض کا تجارتی سیکشن سعودی عرب کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی اسی طرح کی نمایش منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
تقریب میں شرکا نے سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد مجید کی ’’ آم ڈپلومیسی ‘‘ اور پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔ تقریب میں سعودی اور پاکستانی میڈیا کے نمایندے بھی شریک تھے۔