صحافی شاہینہ شاہین کا قتل: معاملے کی تہہ تک جائیں گے: وزیر اطلاعات

734

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بلوچستان کے شہر تربت میں معروف سماجی کارکن اور صحافی شاہینہ شاہین کے قتل کی مذمت کردی۔

شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ صحافی محترمہ شاہینہ شاہین کے قتل کا اندوہناک واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔آزادی اظہار رائے پر پختہ یقین ہے۔صحافیوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس فرض کو پورا کریں گے۔متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔


تربت: سماجی کارکن اور اینکر شاہینہ بلوچ کو قتل کردیا گیا

تربت کی معروف سماجی کارکن، میگزین ’’دزگہار‘‘ کی ایڈیٹر، مکران آرٹس اکیڈمی تربت کی بانی، پی ٹی وی کے مارننگ شو کی اینکراور بلوچ آرٹسٹ شاہینہ شاہین بلوچ کو تربت میں2 گولیاں مارکر پر قتل کر دیا گیا۔

نامعلوم افراد انہیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچا کر اپنی گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

شاہینہ شاہین اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسیں، ضروری کارروائی کے بعد پولیس نے نعش کو ورثا کے حوالے کردیا۔

پولیس کے مطابق پولیس نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا، جس گھر میں وہ رہائش پذیر تھیں وہاں ایک کمرے میں ان کے قتل کے شواہد ملے ہیں۔