ملک بھر میں آج یوم دفاع جوش وجذبے سے آج منایا جا رہا ہے

462

ملک بھر میں آج 55 واں یوم دفاع روایتی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔

6 ستمبر 1965 کو قوم کے جاں نثار سپوتوں نے جرات و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبوادیے اور مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا۔

 6 ستمبر 1965 کو ہندوستانی فوج نے لاہور کے قریب بین الااقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر قوم کے جانثاروں نے دشمن کو بیدیاں اور واہگہ کے مقامات پر ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے موقع پر  گذشتہ روز قوم کے شہدا اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قومی جذبوں اور امنگوں سے بھرا گیت ’’ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم ‘‘کا ری میک جاری کیا۔

6 ستمبر کو ملک نے اپنے دیرینہ دشمن کی جانب سے جارحیت کا سامنا کیا اور دنیا کو دکھایا کہ اس کی عوام اور افواج نے شانہ بہ شانہ اپنے وطن کا دفاع کیا، یہ دن ہمارے شہداء اور غازیوں کی بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو اپنے دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اُس کے ناپاک عزائم کو تحمل ، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا۔

 پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں، سیلرز اور ائرمین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنہوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی۔

دوسری جانب پاک بحریہ کے سربراہ نے یوم دفاع کے موقع پرپیغام میں کہا ہے کہ6 ستمبر ہماری تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے جو ہمیں قومی یکجہتی، پاکستانی قوم اور اُس کی افواج کے غیر متزلزل عزم اور بے مثال بہادری کی یاد دلاتا ہے۔