کورنگی کے برساتی نالے پرقائم تجاوزات سے ہزاروںلوگوں کو خطرہ

162

کراچی(نمائندہ جسارت)کورنگی لانڈھی کے مرکزی برساتے نالے پر یونیورسٹی ، پارکنگ اور دیگر تجاوزات قائم کرکے نالے کو بند کردیاگیا ہے ، جس سے وہاں کے اطراف رہائش پذیر ہزاروں لوگوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ، مرکزی نالے کو بند کیے جانے اور نالے پر پارکنگ و دیگر تجاوزات سے برساتی نالے میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ، بارش میں سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی
ہے اور پانی اطراف کی آبادی چکرا گوٹھ،نورانی بستی ،ناصر جمپ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں داخل ہوجاتا ہے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبد الجمیل خان نے دفتر ضلع میں ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تیز بارش کی پیشگوئی کے باوجود حفاظتی انتظامات نہ کیے جانا حکومت کی نااہلی ہے ۔پورا شہر دلدل بنا ہوا ہے ، سڑکیں موہن جودوڑوکامنظر پیش کر رہی ہیں ۔کورنگی لانڈھی کے مرکزی برساتے نالے پر سی بی ایم یونیورسٹی کی انکروچمنٹ فوری ختم کر کے نالے کو سابق پوزیشن میں لایا جائے۔سی بی ایم کی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی نالہ بند کیے جانے اور نالے پر پارکنگ ودیگر تجاوزات قائم کیے جانے سے برساتی نالے میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے اور چکرا گوٹھ،نورانی بستی ،ناصر جمپ پر سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے ۔این ڈی ایم اے فوری طور پر آپریشن کر کے کورنگی لانڈھی کے مرکزی برساتی نالے پر سی بی ایم اے کے غیرقانونی قبضے کو ختم کرائے اور برساتی نالے کو سابق پوزیشن پر بحال کیا جائے ورنہ کورنگی لانڈھی میں اس طرح کی بارش ہوئی تو بڑی تباہی کا اندیشہ ہے ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے شہر میں بڑی تباہی مچائی ہے ۔جماعت اسلامی اور الخدمت کے کارکنان قابل مبارک باد ہیں کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ موجود رہے اور متاثرین میں کھانا ادویات اور نقد رقم بھی تقسیم کی ۔انہوں نے کہا کہ جن غریب لوگوں کے گھر اس بارش میں تباہ ہوئے ہیں الخدمت ان کی مرمت کرائے گی اور ان کی دوبارہ تعمیر کی جائے گی ۔