اہل کراچی کو محض اعلانات پر ٹرخایا جارہا ہے،لیاقت بلوچ

89

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان تاخیر سے کراچی دورے پر گئے ۔ کراچی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان ، طویل مدت سے وفاق اور صوبہ کراچی کو پیکج کے اعلانات پر ٹرخا رہاہے ۔ یہ بھی آڈٹ ہو ، جے آئی ٹی بنے کہ ماضی کے اعلانات اور پیکجز کا کیا بنا ۔ حقیقت میں کراچی کے باشعور عوام پر ایم کیو ایم کو مسلط کرنا ، انجینئرڈ انتخابات ، بے اختیار بلدیاتی نظام ، وفاقی اور صوبائی حکومت کے سوتیلے پن کی وجہ سے عروس البلاد کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ کردیاگیاہے ۔طوفانی بارشوں نے حکومت اور ریاستی اداروں کو دیوار سے لگادیاہے ۔ پوری قوم کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔ کراچی کے عوام محب وطن ، محب دین اور باہمت ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 1973 ء کا دستور متفقہ قومی دستاویز ہے اسے بازیچہ اطفال نہ بنایا جائے ۔ہر حکومت اپنی
مرضی اور منشا کے مطابق دستور کو مشق ستم بناتی ہے اور دستوری ترامیم کے لیے پاپڑ بیلے جاتے ہیں ۔دستوری ترمیم پر وقتی ، جذباتی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتاہے ۔ صدارتی نظام بے وقت کی راگنی ہے ۔ قوم بار بار مارشل لا ئی صدارتی نظام دیکھ چکی ہے ۔ اختیارات کا مرکز کے پاس یا ایک شخص میں ارتکاز مسئلے کا حل نہیں ۔ آئینی ، جمہوری ، پارلیمانی نظام کے لیے آئین کی روح کے مطابق عمل کیا جائے ۔ عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے شفاف ، غیر جانبدارانہ ، آزادانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے ۔ انتخابی نتائج پر ریاستی طاقتوں کا سایہ ختم کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 6 ستمبر 1965 ء کو پوری قوم نے بے مثال اتحاد ، جرأت اور جہادی جذبوں کا ا ظہار کیا ۔ ملت پاکستان افواج پاکستان کی پشتیبان تھی ۔دشمن کے دانت کھٹے کیے یہ سب کچھ قومی وحدت و اتحاد کا ثمر تھا ۔پاکستان آج بھی دشمنوں کے خطرات میں گھرا ہواہے ۔ ریاست جموں و کشمیر کے مظلوم عوام بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور طویل لاک ڈائون کا شکار ہیں ۔ بھارتی جارحیت مسلسل خطرہ ہے ۔ پوری قوم چپے چپے کی حفاظت کے لیے تیار ہے ۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، تمام اختلافات ہیچ ، مملکت خداد اد کی حفاظت فرض ہے ۔