بھٹ شاہ، کئی لیڈیز پولیس اہلکاروں کو ویزے پر چھوڑنے کا انکشاف

178

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بھٹ شاہ وومن تھانے کی ایس ایچ او کی طرف سے چند لیڈیز پولیس اہلکاروں کو ویزے پر چھوڑنے کا انکشاف، غیر متعلقہ افراد کا بھی تھانے میں آنا جانا معمول بن گیا، شہریوں کا تھانے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا مطالبہ۔ مٹیاری ضلع کا واحد وومن تھانہ بھٹ شاہ میں قائم ہے، جس کی انچارج ایس ایچ او خانزادی ساند ہیں، ضلع بھر کی تمام لیڈیز پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی مختلف تھانوں پر وومن تھانے سے لگائی جاتی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وومن تھانے کی ایس ایچ او خانزادی ساند نے بھاری رشوت کے عوض چند لیڈیز پولیس اہلکاروں کو ویزے پر چھوڑا ہوا ہے اور با قاعدہ ان کی ڈیوٹی حاضری رجسٹر میں لگا دی جاتی ہے، کچھ لیڈیز اہلکار انچارج کے گھریلو اور نجی کاموں پر مامور ہیں، رشوت نہ دینے والی غریب خواتین پولیس اہلکاروں کی نیو سعید آباد مٹیاری، ہالا، اڈیرو لعل اسٹیشن، شاہ پور، در پور اور دیگر تھانوں پر رات کی ڈیوٹی لگا دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ وومن تھانے میں پابندی کے باوجود غیر متعلقہ افراد کا دن اور رات کے وقت آنا جانا معمول ہے، جب سے وومن تھانہ قائم ہوا ہے، اس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انچارج بھی اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوتی ہیں۔ کچھ ماہ قبل پولیس اہلکار یوسف نشے کی حالت میں برکھا پہن کر درگاہ بھٹ شاہ پر لیڈیز پولیس اہلکار سے چیکنگ بوتھ میں پکڑا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تین سال قبل درگاہ پر چھوٹے منشی کی ڈیوٹی کرنے والے بشیر لاکھو سے وومن تھانے کی لیڈیز پولیس اہلکار لیلہ ساند نے پسند کی شادی کی تھی، جس کوشہداد پور میں پُر اسرار طور پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ شہریوں نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی مٹیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹ شاہ وومن تھانے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور غیر اخلاقی سرگرمی، لوٹ مار کا نوٹس لے کر انچارج کیخلاف قانونی کارروائی عمل لائی جائے