بارشوں نے حکومرانوں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ، جاوید قصوری

181

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں نے حکمرانوںکی کارکردگی کی قلعی دی ہے۔ لاہور میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا ہے، طوفانی بارشوں سے 30افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ انتظامیہ محض دعوئوں تک محدود ہے۔ کراچی سے لے کر پنجاب اور خیبر پختوانخواہ تک بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ جماعت اسلامی کے رضاکار مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے دکھوں کے مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ6ستمبر پوری قوم اس جوش و جذبے سے منائے گی کہ ہم ملک کی سلامتی پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دیںگے۔ بھارت ہماراازلی دشمن ہے جس نے پاکستان کے وجود کو ہمیشہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ وہ آج بھی مختلف حیلوں اور بہانوں سے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے 6 ستمبر 1965ء والا جذبہ دہراتے ہوئے اس کو منہ توڑجواب دیا جائے۔ پاکستان نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں امن کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔ اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ چار دہائیوں سے اس شہر کے ساتھ ظلم ہوا اور اس کے پیچھے ایم کیوایم ،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا ہاتھ ہے۔ تحریک انصاف کی کراچی میں ایم این ایز اور ایم پی ایز ہونے کے باوجود حالات بہتر نہ ہو نااس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی نے بھی کراچی کے عوام کو مایوس کیا ہے۔ قائد اعظم نے کراچی کو پاکستان کی جیب قرار دیا تھا، یہ ملک کا معاشی حب ہے، اس سے کروڑوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرکے اس کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بلا تفریق سند ھ حکومت اور وفاقی حکومت کراچی میں کام کرے، سیاسی چپقلش اور سیاسی تقسیم کا ر نے ملک کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے۔