تعلیم کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتے، ذکر اللہ مجاہد

199

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ زیور تعلیم کے بغیر ملک و قوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتے جبکہ اس سفر میں والدین اور اساتذہ کے ادب و احترام کا پاس رکھنے اور وقت کی پابندی کرنے والے طلبہ کسی بھی منزل پر ناکام نہیں ہوتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت اسکول خورشید ماڈل کیمپس سے فارغ ہونے والے ملازمین کی الوداعیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں عبدالعزیز عابد صدر الخدمت لاہور، زبیر صدیقی ڈائریکٹر ایجوکیشن الخدمت لاہور، فاروق ناطق ایڈمنسٹریٹر الخدمت اسکول خورشید ماڈل کیمپس اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ الخدمت اسکولز لاہور میں اس وقت 3500 سے زائد بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ان کو معیاری تعلیم اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ الخدمت اسکولوں میں یتیم اور غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اسکولز کے طلبہ اور طالبات اعلیٰ نمبروں سے کامیابی کے بعد میڈیکل اور انجینئرنگ اداروں میں داخلے لے چکے ہیںجو ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے الخدمت اسکولز کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قوموں کا جذبہ اور نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے معماروں کی جدوجہد ہمارے لیے قابل فخر ہے، محنتی اور فرض شناس اساتذہ قیمتی اثاثہ ہیں۔