صحابہ کرامؓ کی قربانیوں کی بدولت دنیا میں اسلام کا بول بالا ہوا

166

سجاول (نمائندہ جسارت) صحابہ کرامؓ کی قربانیوں کی بدولت دنیا میں اسلام کا بول بالا ہوا۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے صحابہ کرام نے اپنی جان، مال اور یہاں تک کے بیوی بچوں تک قربان کردیے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت اہلحدیث کے رہنما مولانا مشتاق جلالانی نے جامع مسجد امیر حمزہؓ اہلحدیث سجاول میں جمع کے خطبہ میں کہا کہ آج کے دور میں خصوصاً ایک سازش کے تحت صحابہ کرامؓ کے لیے بد زبانی کرکے پاکستان کے پُرامن ماحول کو جان بوجھ کر خراب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن صحابہ کرامؓ نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہوکر کفار کا مقابلہ کیا اور کافروں کے پاس قید ہوکر قید و بند میں سختیاں سہہ کر بھی کلمہ حق کا پرچم بلند کیا۔ آج ہمارے ملک میں جس کی بنیاد ہی اسلام کے نام پر رکھی گئی تھی۔ اس میں جانثار صحابہ کرامؓ کے شان میں گستاخیاں کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات خراب کرنے کے لیے یہاں فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی بنیاد رکھنے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے والے صحابہ کرامؓ کی عزت اور ناموس کے لیے مسلمان کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔