جرمنی میں مسلسل دوسرے روز ہنگامے‘ پولیس اہلکار زخمی

392
لائپزگ (جرمنی): مظاہرین پولیس پر سنگ باری کررہے ہیں‘ اہل کار صورت حال پر قابو پانے کی کوشش میں ہیں

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی کے مشرقی شہر لائپزگ میں دوسرے روز بھی پُرتشدد مظاہرے جاری رہے اور مشتعل شہریوںکے پتھراؤ سے کئی پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق لائپزگ کے حکام نے چند روز قبل ایک عمارت کو قبضہ گروہ سے خالی کرایا تھا جس کے بعد شہر میں بدامنی کا آغاز ہوا۔ مقامی میڈیا کے مطابق شہر کے علاقے کونیوٹز میں جمعہ کی شب 300 لوگ جمع ہوئے اور ہفتے کے روز بھی پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ مظاہرین نے عمارت میں مقیم غیر قانونی مکینوں کو باہر نکالے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ حکام کے مطابق مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کے سامنے سے گزرتے ہوئے تھانے کی عمارت اور وہاں موجود اہل کاروں پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران انہوں نے کوڑا جمع کرنے والے ڈبوں کو بھی آگ لگا دی اور گلیوں میں رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دنگوںکے دوران پولیس کی گاڑیوں اور ٹاسک فورس کو کئی بار پتھروں سے نشانہ بنایا گیا،جس کے باعث 8 اہل کار زخمی ہوئے اور 6گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر فسادات پر قابو پانے والے خصوصی تربیت یافتہ دستوں اور ایک ہیلی کاپٹر کو شہر میں نگرانی کی ذمے داری دے دی گئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 22 افراد کو امن و امان خراب کرنے اور املاک نذر آتش کرنے پر گرفتار کرلیا۔