وزیراعظم آج کراچی پہنچیں گے، بڑا پیکج ملنے کا امکان

270

کراچی: وزیراعظم عمران خان آج کراچی پہنچیں گے، وزیراعظم کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کریں گے، ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کراچی کو بڑا پیکج ملنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے تاہم وزیراعظم کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کااجلاس ہوگا جبکہ وزیراعظم گورنرہاؤس میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

اہم دورہ میں وزیراعظم کراچی کیلئے 50 سے زائد منصوبوں کااعلان کریں گے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں ترقیاتی منصوبوں پر 802 ارب خرچ ہوں گے، 300 ارب کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی ٹرانسفارمیشن پلان میں شامل ہے۔

واٹر ڈرینز کے 2 منصوبوں کا تخمینہ 4 ارب 60 کروڑ جبکہ سیوریج کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، سالڈویسٹ مینجمنٹ کے 4 منصوبوں پر 14ارب 86 کروڑ خرچ ہوں گے۔

کے سی آر منصوبہ کیلئے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر 447 ارب 45 کروڑخرچ ہوں گے، پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے6 منصوبوں کا بھی اعلان کیا جائے گا، سڑکوں کی تعمیرومرمت کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑروپے لگایا گیا ہے۔