انڈر -19 ٹرائلز، 291 کرکٹرز کو پی سی بی نے مدعو کرلیا

843

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 6 ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کی تشکیل کیلئے291 نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کے لیے مدعو کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کی تشکیل کیلئے ٹرائلز 11 سے 19 ستمبر تک ایبٹ آباد، کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور راولپنڈی میں جاری رہیں گے جس کی نگرانی  4 رکنی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی، کمیٹی میں سلیم جعفر، ثناءاللہ بلوچ، وجاہت اللہ واسطی اور توفیق عمر شامل ہیں۔

ٹرائلز کے دوران تمام ٹیموں کے کوچز اور اسسٹنٹ کوچز بھی سلیکشن کمیٹی کی معاونت کریں گے جس کے بعد قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا جائے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ  ٹرائلز تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اہم سینٹرز میں 2، 2 روز تک منعقد کروائے جائیں گے، سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کی انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل کے لئے ٹرائلز 11 اور 12 ستمبر تک بالترتیب ملتان اور ایبٹ آباد میں ہوں گے۔

سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی انڈر 19 ٹیموں کے لیے بالترتیب ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں دو روزہ ٹرائلز 14 اور 15 ستمبر کو ہوں گے۔ اسی طرح سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ٹرائلز 17 سے 18 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔

بلوچستان انڈر 19 ٹیم کے لیے بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں شیڈول دو روزہ ٹرائلز18 اور 19 ستمبر کو لیے جائیں گے۔

ٹرائلز کے دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا،جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ اور قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس 13 اکتوبر سے 29 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔