کوئی ملک ترکی پر اپنی مرضی کا فیصلہ نہیں تھوپ سکتا، ترکی صدر

500

انقرہ: صدر رجب طیب اردگان کا کہنا  ہے کہ کوئی ملک ترک عوام پر اپنی مرضی کا فیصلہ صادر نہیں کر سکتا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق استنبول میں نئے تعمیر شدہ گوزتیپ سٹی اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان نے کہا کہ  دشمن کو معلوم ہو کہ ترک عوام سیاسی، معاشی اور فوجی اعتبار سے بہت زیادہ مضبوط ہے، جنگ کا میدان ہو یا مذاکرات کی میز ترکی اپنے دشمن کو وہ سبق سکھائے گا کہ وہ اپنے دکھ بھرے تجربات ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

صدر ایردگان نے مزید کہا کہ ترکی نے صنعتی، تجارتی، ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت میں بہت زیادہ ترقی کی ہے، ان تمام شعبوں کے ساتھ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے وقت میں ترکی نے صحت کے شعبے میں بھی حیرت انگیز ترقی کی ہے۔

ترکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ  اس وقت ترکی میں 16 اسپتال صرف کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے لئے مختص ہیں۔