ہفتے بعد بھی شہر کے ساتھ سندھ اسمبلی میں بھی نکاسی آب مکمل نہیں ہوسکا

528

ایک ہفتے گزر جانے کے باوجود شہر قائد کی سڑکوں کے ساتھ ساتھ ایوانوں میں سے بھی نکاسی کا کام مکمل نہیں ہوسکا۔

ہفتے کی صبح  پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی کے تہہ خانے کا دورہ کیا،  رکن سندھ اسمبلی نے کہا سندھ حکومت پورے صوبے سے کیا پانی نکالے گی جو  سندھ اسمبلی سے پانی نہیں نکال سکتی۔

پی ٹی آئی اراکین نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے تہہ خانے کا دورہ کیا، اس موقع پر خرم شیرزمان نے کہا یہاں کی حالت دیکھ کر صوبے کی حالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر بھی یہاں پر آکر حالات دیکھیں، اسمبلی کی مسجد اور پورا تہہ خانہ پانی سے بھرا ہوا ہے، ہفتہ گزر گیا مگر یہاں سے پانی نہیں نکالا جاسکا، یہ پورے سندھ کا پانی کیا نکالیں گے؟ جو سندھ اسمبلی سے پانی نہیں نکال سکتے۔

دوسری جانب وزیر اعظم پاکستان ہفتے کو شہر قائد پہنچ گئے ہیں (جہاں پر کراچی اسپیشل پیکیج کا اعلان متوقع ہے)، وزیراعظم کے آنے کا سن کر مختلف مقامات پر صفائی اور مرمت کا کام شروع تو کردیا گیا ہے مگر بہت اب بھی کئی مقامات پر پانی جمع ہے اور بارشوں کا سلسلہ کسی وقت بھی شہر میں برس سکتا ہے ۔

یاد رہے 2 ستمبرسے شہر قائد میں ندی نالوں کے اطراف تجاوزات ہٹانے کیلئے کے ایم سی نے آپریشن کا آغاز کیا ہوا تھا، مذکورہ آپریشن مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔