نقیب محسود کیس، 2 پولیس اہلکاروں کی اپیل ضمانت مسترد

140

کراچی (آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ محسود کے اغوا میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان پولیس اہلکاروں کے خلاف اہم شواہد پیش کیے گئے اس لیے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم نہیں دے سکتے۔ وکیل صلاح الدین پہنور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے نقیب اللہ کو 3
ساتھیوں سمیت سہراب گوٹھ سے اغوا کیا اور عباس ٹاون چوکی لے گئے۔ پولیس اغوا کاروں نے نقیب اللہ سے تاوان مانگا اور تاوان کی رقم نہ دینے پر سچل پولیس چوکی منتقل کیا گیا۔ وکیل نے بتایا کہ سچل چوکی سے نقیب اللہ کو سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی ٹیم کے حوالے کیا گیا، راو انوار اور اس کی ٹیم نے جعلی مقابلے میں نقیب اللہ کو ساتھیوں سمیت قتل کیا۔ ملزمان پولیس اہلکار نقیب اللہ قتل میں برابر کے شریک ہیں۔اے ٹی سی نے بھی دونوں پولیس اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔