۔35 برس سے عوام کو لوٹنے والے پھر اکٹھے ہورہے ہیں، غلام سرور

298

راولپنڈی (اے پی پی ) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 35 برس سے عوام کو لوٹنے والوں کا احتساب ضرور ہوگا، لٹیرے اپنی کرپشن بچانے کیلیے دوبارہ اکٹھے ہو رہے ہیں، ہم عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کریں گے، تحریک انصاف ہی اس ملک کی تقدیر بدلے گی، بہتر معاشی پالیسیوں سے مہنگائی کا خاتمہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے جمعہ کو اپنے حلقہ انتخاب چکری میں پہلے نادرا مرکز کے افتتاح کے موقع پر منعقد جلسے سے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ چکری میں پاسپورٹ سینٹر بھی جلد بنایا جائے گا اور محکمہ مال بھی یہیں ہوگا، جدید سہولتوں سے آراستہ اسپتال بھی اس علاقے میں جلد کام شروع کر دے گا جس پر کام شروع کیا جا چکا ہے، رواں برس عوام کو بہتری نظر آئے گی، آنے والا وقت آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور خوشحال پاکستان ہوگا۔ قبل ازیں غلام سرور خان نے چکری میں قائم پہلے نادرا سینٹر کا دورہ کیا اور سہولیات کی تفصیلات دریافت کیں۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ نادرا سینٹر علاقائی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے جہاں سے مکینوں کو تما م سہولیات گھر کے قریب میسر ہوں گی اور انہیں نادرا سے متعلقہ دستاویزات کے سلسلے میں دور نہیں جانا پڑے گا۔