افغان امن مزاکرات کیلیے پاکستانی کردار قابل تعریف ہے،اقوام متحدہ

258

نیویارک (اے پی پی) اقوام متحدہ نے افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔ افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ اور افغانستان میں عالمی امدادی مشن کی سربراہ ڈیبورا لائنس نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ اب زیادہ دور نہیں‘ افغان حکومت کے نمائندوں اور طالبان کے مابین باضابطہ مذاکرات آنے والے ہفتوں نہیں بلکہ دنوں میں ہوں گے‘ ہم رکن ممالک ، بشمول قطر ، امریکا اور پاکستان کے ساتھ ساتھ بہت سارے دیگر ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو اس حوالے سے سفارتی کوششوں میں شامل ہیں۔ اعلیٰ سفارتکار نے فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھیں اور تمام ممالک اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں‘ گزشتہ مذاکرات کے بعد
قیدیوں کی رہائی مشکل مرحلہ تھا اس کو مکمل کرنے میں 5 ماہ لگے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ متاثرین کی شکایات کا اعتراف اور ازالہ کرنے سے ہی حقیقی مفاہمت ممکن ہوگی‘ امن مذاکرات میں خواتین کی نمائندگی اُن کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کا بہترین موقع ہے تاہم ان کا دفتر تاحال طالبان کی طرف سے خواتین کی نمائندگی سے متعلق آگاہ نہیں۔