میہڑ تحصیل اسپتال میں ادویات کا فقدان، ڈاکٹر غائب

172

میہڑ (نمائندہ جسارت) میہڑ تحصیل اسپتال میں ادویات کا فقدان، ڈاکٹروں کی عدم موجودگی، ایم ایس اورا سٹور کیپر کی کرپشن کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان کا نیشنل پریس کلب میہڑ کے آگے احتجاج۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان زبیر سموں، عبدالفتاح شاہ، جاوید منگی، عاشق جسکانی، ساجد بلوچ، جانی جویو اور دیگر نے نیشنل پریس کلب میہڑ پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل اسپتال میہڑ میں کروڑوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود غریب مریضوں کو ادویات نہیں دی جارہیں۔ تحصیل اسپتال میہڑ کے ایم ایس اور اسٹور کیپر کی ملی بھگت سے کرپشن کی انتہا کی ہے، جنریٹر بھی ناکارہ ہے، پانی سمیت دیگر سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ڈاکٹر سرکاری اسپتال میں ڈیوٹی نہیں کررہے، اپنے نجی اسپتال چلانے لگے۔ انہوں نے مزید الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ تحصیل اسپتال میہڑ کے اندر کوارٹرز پر غلط کام ہورہا ہے، جس کے ذمے وار ایم ایس ہیں۔ انہوں نے نیب، اینٹی کرپشن اور چیف جسٹس سندھ سے مطالبہ کیا کہ تحصیل اسپتال میہڑ میں ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے کر ایم ایس، اسٹور کیپر اور ڈیوٹی چور ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کرکے مسکین لوگوں سے انصاف کیا جائے۔